بیلجئیم کی پولیس نے جمعے کی شام گئے سے ہفتے کی صبح تک ملک بھر کے درجنوں گھروں پر چھاپے مارے، جس دوران 12 مشتبہ دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔
یہ بات بیلجئیم کے وفاقی دفترِ استغاثہ نے ایک بیان میں کہی ہے۔
دفتر استغاثہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے زیادہ تر برسلز کے اندر اور قرب و جوار کی 16 میونسپالٹیوں کی حدود میں واقع گھروں کی تلاشی لی، اور
تفتیش کے لیے 40 افراد کو حراست میں لیا۔ اِن زیر ِ حراست مشتبہ افراد میں سے ٓآخر کار 12 کو گرفتار کرلیا گیا۔
بیان کے مطابق، پولیس چھاپوں کے دوران کوئی قابلِ ذکر واقع پیش نہیں آیا۔
ملک بھر میں ابھی تک دہشت گردی کا انتباہ نافذ ہے، جس کا اعلان اُس وقت کیا گیا جب مارچ میں برسلز کے ہوائی اڈے اور سب وے نظام پر حملہ ہوا، جس میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ دونوں اداروں نے کئی دِنوں تک کام بند کر رکھا تھا۔